وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشین ہم منصب میں علاقائی صورتحال پر گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے انور ابراہیم کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ گفتگو میں علاقائی صورتحال، خصوصاً خلیج کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔

ملائیشین وزیراعظم نے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں جاری امن کی کوششوں پر اظہارِ تشکر کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان کی علاقائی امن کی کوششوں کے لیے ملائیشیا کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے امکانات کو آگے بڑھانے کے لیے دوست ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل قریب میں باہمی سہولت کے وقت ملاقات پر اتفاق کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کو جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

Exit mobile version