حکومت کی اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کا اعادہ، بانی پی ٹی آئی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا دعویٰ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے آنکھ کے علاج کے لیے دستیاب بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس کی جانب سے جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے اٹھائے گئے خدشات کا جواب دے رہے تھے۔

رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ضروری طبی ٹیسٹ جیل کے اندر اور باہر دونوں جگہ کرائے گئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے خاندان کی جانب سے تجویز کردہ ڈاکٹروں کو بھی علاج کے عمل سے آگاہ رکھا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان ڈاکٹروں نے بھی بانی پی ٹی آئی کو فراہم کیے جانے والے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قیدیوں سے ملاقاتیں جیل مینوئل کے مطابق ہوتی ہیں۔

وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپوزیشن کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کا اعادہ کیا۔

سینیٹ کا اجلاس اب منگل کو صبح 11 بج کر 30 منٹ پر دوبارہ ہوگا۔

Exit mobile version