صدر مملکت کا پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی روابط، تجارت، اقتصادی تعاون، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد کی قیادت میں آنے والے پارلیمانی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو خودمختار مساوات، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر آگے بڑھانے کے لیے مستقبل پر مرکوز حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، مشترکہ مذہب اور گہرے ثقافتی و خاندانی روابط پر مبنی ہیں۔

انہوں نے زراعت، صنعت، غذائی تحفظ، قدرتی آفات سے نمٹنے، ڈیجیٹل گورننس، خلائی تحقیق اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ صدر نے دونوں ممالک کے درمیان زیر غور تقریباً 26 مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے کی امید بھی ظاہر کی۔

صدر مملکت نے پارلیمانی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے بنگلہ دیشی پارلیمانی عملے کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کے ذریعے تربیت فراہم کرنے اور دو ایوانوں پر مشتمل پارلیمانی نظام کے تجربات سے آگاہ کرنے کی پیشکش بھی کی۔

تعلیمی تعاون کے حوالے سے صدر نے بتایا کہ گزشتہ سال شروع کیے گئے پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے پاکستانی جامعات میں 500 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق اب تک 170 بنگلہ دیشی طلبہ پاکستانی جامعات میں داخلہ لے چکے ہیں جبکہ مزید 20 طلبہ جلد شامل ہوں گے۔

آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروازوں کی تعداد اور منزلوں میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے تجارت کے فروغ کے لیے براہ راست سمندری رابطے قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کی بھی تجویز دی۔

تجارتی تعلقات کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اپنی اصل صلاحیت سے کم ہے۔ انہوں نے مشترکہ اقتصادی کمیشن اور تجارتی مشترکہ ورکنگ گروپ جیسے موجودہ فورمز کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے بنگلہ دیش کو چاول کی برآمدات دونوں ممالک کے درمیان غذائی تحفظ اور ضروری اشیا کی فراہمی میں وسیع تر تعاون کی بنیاد بن سکتی ہیں۔ پاکستان بنگلہ دیش کی درخواست پر وہاں شوگر ملز کی بحالی کے لیے تکنیکی مہارت فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

صدر نے ٹیکسٹائل، ادویہ سازی، چمڑے، گاڑیوں، تعمیراتی سامان، معدنیات، کیمیکلز، سیرامکس اور جوٹ سمیت مختلف شعبوں میں نجی شعبے کے تعاون کو بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے بنگلہ دیش کے ساتھ دفاعی تعاون میں اضافے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ بھی کیا۔

صدر مملکت نے ایک ملین سے زائد روہنگیا پناہ گزینوں کی میزبانی پر بنگلہ دیش کے انسانی ہمدردی کے اقدام کو سراہا اور ان کی میانمار میں محفوظ، رضاکارانہ اور باعزت واپسی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے صدر مرزا فخر الاسلام عالمگیر اور وزیراعظم طارق رحمان کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔

حافظ الدین احمد نے پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان باقاعدہ روابط اور تبادلوں کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی قربت کا مظہر قرار دیا۔

↑
Exit mobile version