وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ کو موٹروے سے ملانے اور سنگجانی انٹرچینج کے منصوبوں پر کام کی سست رفتار پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تعمیراتی کام فوری تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں دونوں منصوبوں کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی رفتار بڑھانے کے لیے فوری طور پر مزدوروں اور مشینری کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگر کام کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو یہ منصوبے آئندہ چھ ماہ میں بھی مکمل نہیں ہو سکیں گے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو منصوبوں پر پیش رفت کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ وہ سات روز بعد دوبارہ منصوبوں کا دورہ کریں گے اور تعمیراتی کام کی رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ ان منصوبوں میں انٹرچینج، انڈر پاسز اور پلوں کی تعمیر سمیت مارگلہ روڈ کو موٹروے کے ساتھ منسلک کرنا شامل ہے۔
