بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سرکاری اداروں کی تیز رفتار ڈیجیٹلائزیشن یقینی بنائی جائے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو آسان، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعظم نے یہ ہدایت اسلام آباد میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

شہباز شریف نے متعلقہ تمام اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت، شفاف اور آسان ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مربوط انداز میں کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو عصرِ حاضر کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتوں کو ای آفس پر منتقل کرنا آئی ٹی اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں حکومت کی اہم اصلاحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی ای آفس کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کو جلد از جلد ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کی۔

اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعمیر جلد مکمل کرنے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر فعال بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کا انتظام مکمل طور پر آؤٹ سورس کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تنظیمِ نو مکمل کی جاچکی ہے جبکہ اہم عہدوں پر تقرریاں شفاف انداز میں کی جارہی ہیں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ تمام وفاقی وزارتیں ای آفس نظام پر منتقل ہوچکی ہیں، جبکہ دیگر محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی اس کے استعمال کے فروغ کے لیے کام جاری ہے۔

اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button