بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان 2026 کے چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں شرکت کرے گا

ٹریڈیشنل اسپورٹس اینڈ گیمز پاکستان ایسوسی ایشن (TSGPA)

ٹریڈیشنل اسپورٹس اینڈ گیمز پاکستان ایسوسی ایشن (TSGPA) کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ پاکستان 2026 کے چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں 23 روایتی کھیلوں اور کھیلوں کی مختلف ڈسپلنز پر مشتمل ایک متنوع اور مضبوط دستے کے ساتھ شرکت کرے گا۔ مسابقتی مقابلوں میں شرکت کے علاوہ، TSGPA پاکستان کے قدیم اور مقامی کھیلوں کے ورثے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے کبڈی، دیسی کشتی، پتنگ بازی اور نیزہ بازی کے خصوصی مظاہرے بھی پیش کرے گی۔

اورنگزیب مبارکشر نیزہ بازی جبکہ سجاد حسین اعوان دیسی کشتی کا مظاہرہ عالمی سطح پر پیش کریں گے، جس کے ذریعے پاکستان کی روایتی کھیلوں اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔

پاکستانی دستے میں 23 ڈسپلنز کے 100 کھلاڑی اور کوچز شامل ہیں، جبکہ وفد اور دیگر آفیشلز بھی دستے کا حصہ ہوں گے۔ پاکستان کی شرکت ملک کے شاندار روایتی کھیلوں کے ورثے اور مقامی کھیلوں کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے عزم کی عکاس ہے۔

پاکستانی دستہ درج ذیل 23 ڈسپلنز میں شرکت کرے گا:

Ordo (Asykatu) 4، Breaking Bone 5، Alysh 6، Ashyrtmaly 2، Gyulesh 2، Gushtingiri 2، Koresh 2، Korash 2، Kyrgyz Kurosh 4، Mongol Bokh 2، Pahalvani 2، Sambo 4، Sumo 2، Khapsagai 2، Mas-Wrestling 8، Arm Wrestling 6، Tug of War 14، Strong Man 3، Mangala 5، Oware 5، Toguz Korgool 4، Traditional Archery 7 اور Horse Back Archery 7، یوں مجموعی طور پر 100 کھلاڑی و کوچز ان ڈسپلنز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستانی وفد کی قیادت نواب فرقان خان، چیئرمین TSGPA بطور ہیڈ آف ڈیلیگیشن کریں گے، جبکہ محمد شاہد، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بطور چیف ڈی مشن فرائض انجام دیں گے۔ وفد میں مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی، کوچز، ٹیکنیکل پرسنل اور دیگر آفیشلز شامل ہوں گے۔

چیئرمین TSGPAنواب فرقان خان نے کہا کہ ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان کی شرکت ملک کے روایتی کھیلوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، بین الاقوامی کھیلوں اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے اور پاکستانی ایتھلیٹس کو دنیا کی معروف روایتی کھیلوں کی کمیونٹی کے ساتھ روابط اور تجربہ حاصل کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کبڈی، دیسی کشتی، پتنگ بازی اور نیزہ بازی کے مجوزہ مظاہرے پاکستان کی عالمی موجودگی کو مزید مؤثر بنائیں گے اور بین الاقوامی ناظرین کو پاکستان کے ان روایتی کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں سے متعارف کرائیں گے جو ہماری قومی شناخت اور تاریخی ورثے کا اہم حصہ ہیں۔

نواب فرقان خان نے مزید کہا کہ ان مظاہروں کا مقصد پاکستان کے ان روایتی کھیلوں کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے جو مسابقتی ڈسپلنز کے علاوہ ہماری ثقافت اور تاریخی ورثے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ کبڈی پاکستان کی ٹیم ورک، طاقت اور پھرتی کی عکاسی کرے گی، دیسی کشتی سجاد حسین اعوان کے ذریعے پاکستان کی قدیم کشتی کی روایت کو اجاگر کرے گی، پتنگ بازی پاکستان کی مقبول روایتی تفریحی ثقافت کی نمائندگی کرے گی، جبکہ نیزہ بازی اورنگزیب مبارکشر کے ذریعے گھڑ سواری اور روایتی جنگی فنون کے شاندار ورثے کو عالمی سطح پر پیش کرے گی۔

چیئرمین TSGPA نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے روایتی کھیلوں، ثقافتی ورثے اور سافٹ امیج کو عالمی برادری کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ ان مظاہروں کے ذریعے شریک ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دوستی، باہمی احترام اور مفاہمت کے جذبے کو فروغ ملے گا، جو ورلڈ نومیڈ گیمز کی بنیادی روح ہے۔

ٹریڈیشنل اسپورٹس اینڈ گیمز پاکستان ایسوسی ایشن نے ٹیم پاکستان کے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی دستہ کھیلوں کے دوران نظم و ضبط، بہترین کھیل، قومی وقار اور اسپورٹس مین شپ کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کا نام روشن کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button