سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر تیز رفتار آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی ملک میں جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کے تحت کی گئی، جس کا مقصد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (IEDs) بھی برآمد کیے، جنہیں موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
کارروائی کے فوراً بعد علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشنز بھی کیے گئے تاکہ باقی ماندہ خطرات کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کا مقصد ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خطرے کا خاتمہ ہے۔
