پندرہ ممالک پر مشتمل اعلیٰ سطح کے سفارتی وفد نے آج اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کے جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ہنگامی ردعمل کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔
وفد میں تاجکستان، میانمار، سری لنکا، عمان، اسپین، بنگلہ دیش، بوسنیا و ہرزیگووینا، اردن، انڈونیشیا، جرمنی، ہنگری، جاپان، تھائی لینڈ، کینیڈا اور ازبکستان کے نمائندے شامل تھے۔
اس موقع پر مختلف ممالک میں تعینات پاکستان کے 34 سے زائد سفیروں اور مشنز کے سربراہان نے بھی زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
این ڈی ایم اے کی ٹیم نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی صلاحیتوں اور پاکستان میں آفات سے نمٹنے کے فعال اور جدید نظام پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کا مقصد بار بار آنے والی قدرتی آفات کے خطرات میں کمی لانا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے ادارے کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
وفد کو این ڈی ایم اے کی حالیہ کامیابیوں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، مؤثر قبل از وقت وارننگ سسٹمز اور ہنگامی صورتحال میں مختلف اداروں کے درمیان مربوط ردعمل کے منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
اجلاس کے دوران "ڈیزاسٹر لینز 2026” کی نمائش کی گئی، جبکہ پاکستان اور عالمی برادری کے لیے تیار کیے گئے بین الاقوامی مشقوں کے مختلف عملی مظاہرے بھی پیش کیے گئے۔
سفارتی وفد نے پاکستان کے این ڈی ایم اے کے جدید اور مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے آفات سے نمٹنے اور ہنگامی ردعمل کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
