پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے پاکستانی ماہی گیر کشتیوں پر ویسل مانیٹرنگ سسٹم (VMS) کی تنصیب کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کے علاوہ بحری شعبے سے تعلق رکھنے والے اہم اسٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ویسل مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب سے ماہی گیروں کی حفاظت اور سکیورٹی میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ سمندری حدود کی مؤثر نگرانی ممکن ہوگی۔ اس نظام کے ذریعے سمندری وسائل کے پائیدار انتظام اور بہتر استعمال میں بھی مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کی سمندری حدود میں نگرانی کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنائے گا اور قومی بحری مفادات کے مؤثر تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
