متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات میں اپنے امیدوار دستبردار کرکے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے وفد اور ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے وفد کی قیادت سندھ کے صدر بشیر میمن اور وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے کی، جنہوں نے بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز کا دورہ کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے مختلف حلقوں، بشمول مہاجرین کے لیے مخصوص نشستوں پر انتخاب لڑنے والے ایم کیو ایم کے امیدوار مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آزاد جموں و کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کے لیے کیا گیا ہے۔
