وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ٹیکس انتظامیہ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔
وہ آج لاہور میں ایف بی آر افسران کی گریجویشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مشترکہ کوششوں کے ذریعے ٹیکس پالیسی کو مضبوط بنانے اور مجموعی ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے جامع اصلاحات نافذ کی جا رہی ہیں، جن کے مثبت اثرات ایف بی آر میں نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مصنوعی ذہانت (AI) کا دور ہے، لہٰذا ایف بی آر افسران کو اپنی کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اس ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری ماحول کو بہتر بنانا اور معیشت کو مزید مستحکم کرنا بھی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
