وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر ممالک کے سیاسی اور اسٹریٹجک تعلقات کے شایانِ شان اقتصادی شراکت داری بھی قائم ہونی چاہیے۔
وہ اسلام آباد میں جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ ایک مضبوط اقتصادی قوت، دفاعی ٹیکنالوجی میں پیش پیش ملک اور دنیا کے نمایاں انسانی ہمدردی کے تحت امداد فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔
شہباز شریف نے گزشتہ سال بھارت کے خلاف معرکہ حق کے دوران پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہنے پر ترکیہ کی قیادت اور عوام کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے مکہ معاہدے کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ مشترکہ دفاعی صلاحیت اور خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ عزم کو مضبوط بناتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قوانین کے احترام اور تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مضبوط اقتصادی شراکت داری کے قیام اور اپنے اسٹریٹجک اتحاد کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں، جبکہ دونوں ممالک علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کی مثال قائم کر رہے ہیں۔
ترک سفیر نے مکہ دفاعی معاہدے اور مفاہمت کی یادداشت ’’بدر‘‘ کو دونوں ممالک کے تعلقات میں تازہ اہم سنگ میل قرار دیا۔
