وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی سے گفتگو کے دوران کہی، جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے ساختی اصلاحات کا عمل جاری رکھنے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مستحکم اور قابلِ اعتماد سرمایہ کاری کے ماحول کو برقرار رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا، جن کی بنیاد مشترکہ مذہب، تاریخ، باہمی اعتماد اور احترام پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کے درمیان مضبوط روابط عوامی سطح پر تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے لیے باہمی مفاد کے اقتصادی مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
فریقین نے زراعت، معدنیات و کان کنی اور سرمایہ کاری کی صلاحیت رکھنے والے دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مشترکہ ترجیحات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
