اسحاق ڈار کی چینی کی فراہمی اور قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی ہدایت

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو چینی کی برآمد کے عمل کے دوران چینی کی فراہمی بلا تعطل برقرار رکھنے اور منڈی میں کسی قسم کی خرابی کو روکنے کے لیے نگرانی کا مؤثر نظام نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ اسلام آباد میں اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں چینی برآمد کرنے کی پالیسی کے رہنما اصولوں کو حتمی شکل دی گئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ جہاں برآمدات میں سہولت فراہم کرنے کا مقصد مقامی کاشتکاروں کی معاونت، چینی کی صنعت کو مضبوط بنانا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنا ہے، وہاں مقامی منڈیوں میں قیمتوں کو مستحکم رکھنا انتہائی اہم ہے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے آئندہ کرشنگ سیزن تک چینی کے ذخیرے کی صورتِ حال کا جامع جائزہ لیا۔

اس جائزے کا مقصد اضافی چینی کی مقدار کا درست اندازہ لگانا اور ملک بھر میں مقامی استعمال کے لیے وافر ذخائر کی دستیابی کو یقینی بنانا تھا۔

↑
Exit mobile version