پاکستان اور تاجکستان کا دوطرفہ تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق

پاکستان اور تاجکستان نے تجارت، سرمایہ کاری، رابطہ کاری، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

یہ اتفاقِ رائے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین محرالدین کے درمیان کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور قریبی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل ناگزیر ہے۔

تاجک وزیر خارجہ سراج الدین محرالدین نے خطے میں امن، استحکام اور مسائل کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

Exit mobile version