پاکستان اور برطانیہ کا اقتصادی اصلاحات میں تیزی اور ترقیاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور برطانیہ نے ترقیاتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور اقتصادی اصلاحات کی رفتار تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ اتفاقِ رائے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ اور برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (FCDO) کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سام والڈک کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احد چیمہ نے اسٹریٹجک انیشی ایٹو یونٹ (Strategic Initiatives Unit) کے لیے ایف سی ڈی او کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے مؤثر عمل درآمد کے نظام کے ذریعے حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے گورننس ریفارمز یونٹ (Governance Reforms Unit) کے لیے برطانیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کو بھی اہم قرار دیا، جو ادارہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔

اس موقع پر برطانیہ کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سام والڈک نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے لیے برطانیہ کے مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اہم شعبوں میں باہمی اشتراک کے ذریعے تعاون کو مزید فروغ دیتے رہیں گے۔

Exit mobile version