کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلسل کوششوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔
ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی و سیکیورٹی شعبوں میں تعاون اور روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
