وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو کراچی اور حیدرآباد میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے اور نہروں اور کوٹری بیراج کی آئندہ بندش کے دوران دونوں شہروں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایات کراچی میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اجلاس کو کراچی اور حیدرآباد میں پانی کی موجودہ صورتحال اور دونوں شہروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نہروں اور کوٹری بیراج کی طے شدہ بندش سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ دونوں شہروں میں پانی کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
سید مراد علی شاہ نے زور دیا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے نہری نظام کی کارکردگی بہتر بنانا اور پانی کی ترسیل کے دوران ہونے والے ضیاع کو روکنا انتہائی ضروری ہے۔
