پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ (C-5) کے گنبد کی کامیاب تنصیب کے ساتھ ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں آج میانوالی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چینی حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ نمائندے بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے کی تعمیر میں نمایاں پیش رفت پر پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی محنت اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا اہم تعمیراتی مرحلہ مقررہ وقت سے کافی پہلے مکمل کرنا قابلِ تحسین کامیابی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ-5 منصوبہ پاکستان میں صاف اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے شعبے میں خودکفیل اور ماحول دوست ملک بنانے کے لیے قومی وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے کہا کہ جوہری توانائی ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور کم کاربن اخراج کے ساتھ قابلِ اعتماد بجلی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے جوہری بجلی گھر اس وقت محفوظ اور مؤثر انداز میں مجموعی طور پر 3,530 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جس کے باعث ملک میں سالانہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج سے بچاؤ ممکن ہو رہا ہے۔
چیئرمین کے مطابق ملک کی مجموعی نصب شدہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں جوہری توانائی کا حصہ 8.6 فیصد ہے، تاہم یہ مجموعی بجلی کی پیداوار میں تقریباً 16.6 فیصد حصہ ڈال رہی ہے، جبکہ سردیوں کے موسم میں یہ حصہ بڑھ کر 26 فیصد تک پہنچ جاتا ہے۔
چشمہ-5 منصوبے کی پیداواری صلاحیت 1,200 میگاواٹ ہوگی اور اس سے ستمبر 2030 میں بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔
