وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (UNFCCC) کے تحت منعقد ہونے والے 31ویں کانفرنس آف دی پارٹیز (COP31) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم کی آمد پر ترکیہ کے نائب وزیر ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی، ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور اعلیٰ ترک حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم COP31 انطالیہ لیڈرز سمٹ سے خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات اجاگر کرنے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیں گے۔
شہباز شریف صاف توانائی کی منتقلی اور بجلی کے شعبے میں تبدیلی سے متعلق اعلیٰ سطحی مکالمے سے بھی خطاب کریں گے، جس کا عنوان ’’35 بائی 35: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘‘ ہے۔
اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور COP31 میں شرکت کرنے والے دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
COP31 کے مقام پر پاکستان پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں مختلف موضوعات پر مجموعی طور پر 54 تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ عالمی ماحولیاتی کانفرنسوں میں فعال سفارت کاری کے ذریعے اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں COP27 کے دوران موسمیاتی نقصانات سے نمٹنے کے لیے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ (Loss and Damage Fund) کے قیام میں مدد ملی۔
