پاکستان کا کینیڈا کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے پر زور: محسن نقوی

پاکستان اور کینیڈا نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔

ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سیکیورٹی تعاون اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور سائبر کرائم کے سدباب کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے لیے تربیتی اور تبادلہ پروگراموں کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر خطے کی مجموعی صورتحال اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مجوزہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مؤثر بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Exit mobile version