
پاکستان ٹیسٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے روانہ
پاکستان ٹیسٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے اتوار کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئی۔
قومی اسکواڈ اسلام آباد سے دوحہ اور لندن کے راستے ویسٹ انڈیز پہنچے گا۔
دورے کے دوران پاکستان ٹیم ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے دارالحکومت پورٹ آف اسپین اور ٹاروبا میں میچز کھیلے گی۔
روانگی سے قبل قومی ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین روزہ بھرپور تربیتی کیمپ میں حصہ لیا، جہاں کھلاڑیوں نے تیاریوں کے سلسلے میں دو روزہ منظرنامہ (سینیریو) پر مبنی پریکٹس میچ بھی کھیلا۔
پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز میں 18 سے 21 جولائی تک چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 25 جولائی سے 10 اگست تک کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، ٹاروبا میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ کوئینز پارک اوول، پورٹ آف اسپین میں ہوگا۔















