نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان لڑکیوں کی تعلیم،کاروبار، ڈیجیٹل خواندگی اور ان کی خودمختاری میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
وہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں شرکت کرنے والے مندوبین کے اعزاز میں سرکاری ضیافت سے خطاب کر رہے تھے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی تعلیمات اور اسوہ حسنہ دونوں کے ذریعے خواتین کے وقار کو بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کی مکمل شرکت کی ضمانت دیتا اور اسے یقینی بناتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان خواتین کے مصائب سے بھی لاتعلق نہیں رہ سکتا جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو برداشت کر رہی ہیں۔
انہوں نے افغانستان کی عبوری رجیم پر بھی زور دیا کہ وہ خواتین اور لڑکیوں کے بنیادی حقوق بحال کرے۔
