وزیراعظم اور امیر قطر کا خطے میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار، تمام فریقوں پر تحمل سے کام لینے پر زور

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون پر دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خطے میں حالیہ کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے حالیہ حملوں کے بعد قطر کے عوام سے پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے

اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن کیلئے نقصان کا باعث ہوں۔

وزیراعظم نے امن کیلئے کوششوں میں مسلسل اور بھرپور تعاون پر امیر قطر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور برگن اشٹاک میں اعلیٰ سطح کے تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور منعقد ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سفارتی روابط اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا اور امن یادداشت کے تحت تمام فریقوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہایت اہم ہے۔

امیرِ قطر نے وزیراعظم، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خطے میں امن کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس سلسلے میں قطر کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔

Exit mobile version