وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو پولیو سے مکمل طور پر پاک بنانے کے حکومتی عزم کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اعلیٰ ترین قومی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم سے آج اسلام آباد میں پولیو اوور سائٹ بورڈ کے سات رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں اور شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر اور تیز کریں۔

شہباز شریف نے پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم میں مسلسل تعاون پر تمام ترقیاتی شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بچوں کو عمر بھر کی معذوری کا سبب بننے والی اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جنوبی خیبرپختونخوا کے پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی، مربوط اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس موقع پر پولیو اوور سائٹ بورڈ کے وفد نے پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے ملک جلد پولیو سے مکمل نجات حاصل کر لے گا۔

Exit mobile version