ہائی بلڈ پریشر دنیا بھر میں ہر تین بالغ افراد میں سے ایک کو متاثر کرتا ہے، جبکہ پاکستان میں اس کی شرح تقریباً 42 فیصد ہے جو ایک سنگین صحت عامہ کا بوجھ ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے گیٹز فارما نے ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر ملک کے 19 شہروں میں 50 سے زائد مفت اسکریننگ کیمپس کا انعقاد کیا، جن میں 10 ہزار سے زیادہ بالغ افراد کو بلڈ پریشر چیک کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔
ان کیمپس میں کولیسٹرول ٹیسٹ بھی کیے گئے، بلند سطح والے افراد کو فوری طبی معائنہ اور باقاعدہ فالو اپ کا مشورہ دیا گیا۔ ماہرین امراض قلب نے زور دیا کہ ہائی بلڈ پریشر اکثر بغیر علامات کے ہوتا ہے، لیکن مسلسل بلند رہنے پر دل، دماغ، گردوں اور خون کی نالیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
این آئی سی وی ڈی کراچی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر غزالہ عرفان نے کہا: "آپ کا دل روزانہ تقریباً ایک لاکھ بار دھڑکتا ہے۔ اسے مضبوط رکھنے کے لیے صحت مند غذا، ورزش، باقاعدہ چیک اپ اور ذہنی سکون کو اپنائیں۔”
پمز کارڈیک سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل عزیز میاں نے کہا: "دل آپ کی زندگی کا مرکز ہے، اس کی حفاظت کریں اور دوسروں کو بھی اس کی اہمیت بتائیں۔”
پمز کے کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سید ناصر علی شاہ نے کہا: "ورلڈ ہارٹ ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دل کی صحت کا خیال رکھیں اور زندگی کو فعال انداز میں گزاریں۔”
یہ کیمپس کراچی، لاہور، ملتان، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سکھر، رحیم یار خان، ایبٹ آباد، سیالکوٹ، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، کوئٹہ، حیدرآباد اور نوابشاہ میں منعقد ہوئے۔
شریک اداروں میں این آئی سی وی ڈی کراچی، جناح اسپتال اور شالیمار اسپتال لاہور، فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، نشتر اسپتال ملتان، شیخ زید اسپتال رحیم یار خان، ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد، فاطمہ میموریل اسپتال لاہور اور فوجی فاؤنڈیشن اسپتال راولپنڈی شامل تھے۔
ماہرین نے کہا کہ ہائی بلڈ پریشر، بلند کولیسٹرول، ذیابیطس، موٹاپا، تمباکو نوشی، غیر صحت مند خوراک اور جسمانی غیر فعالیت پاکستان میں دل کی بیماریوں کے بڑے قابلِ پرہیز عوامل ہیں۔
شرکاء کو نمک کم استعمال کرنے، تمباکو سے پرہیز، متوازن غذا، ورزش اور بلڈ پریشر، شوگر و کولیسٹرول کی باقاعدہ جانچ کا مشورہ دیا گیا۔
ماہرین نے زور دیا کہ اسکریننگ مہمات کو بنیادی طبی سہولیات، معیاری ادویات اور باقاعدہ فالو اپ سے جوڑنا ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچ سکے۔
گیٹز فارما کی جانب سے ملک گیر بلڈ پریشر اسکریننگ کیمپس
