عالمی مسائل کے پرامن حل میں پاکستان کا کردار جاری رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مسائل کے پرامن اور دیرپا حل کے لیے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) کے تحت پہلی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک (Bürgenstock) میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئے جن میں حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی۔ فریقین نے 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا، جبکہ سیاسی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام اور مزید تکنیکی مذاکرات کے آغاز کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے امریکہ اور ایران کی قیادت کو تعمیری مذاکرات کے تسلسل کے لیے سراہا اور اس تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں تعاون کرنے والے تمام برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے بالخصوص برادر ملک قطر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں قطر نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سوئس حکومت کا بھی ان مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کوششوں، عزم اور ثابت قدمی کے بغیر یہ پیش رفت ممکن نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دفترِ خارجہ کی ٹیم کی سفارتی کاوشوں کو بھی سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذاکرات کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

اپنے بیان کے اختتام پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان موجودہ عالمی صورتحال کے پرامن اور مستقل حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ میں اپنا دیانت دارانہ اور مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

Exit mobile version