وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی، چوہدری سالک حسین نے جنیوا میں منعقد ہونے والی 114ویں بین الاقوامی لیبر کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔
اس کانفرنس میں دنیا بھر سے حکومتوں، آجر تنظیموں اور مزدور نمائندوں نے شرکت کی، جہاں محنت، روزگار اور افرادی قوت سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس کا مقصد سب کے لیے باعزت روزگار کے مواقع کے فروغ کے مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے۔
کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے مملکتِ سعودی عرب کے نائب وزیر برائے انسانی وسائل و سماجی ترقی طارق الحمد سے ملاقات بھی کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جن میں افرادی قوت کی نقل و حرکت، افرادی قوت کی مہارتوں میں اضافہ، اور انسانی وسائل کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا شامل تھا۔ گفتگو میں اس امر پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے مفاد میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے اور افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مضبوط شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور محنت، روزگار اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
