پاکستان اور یورپی یونین نے اپنے تعلقات کو ایک جامع اور باہمی طور پر مفید شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں پاکستان یورپی یونین سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے آٹھویں اجلاس کے دوران کیا گیا، جس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی خارجہ امور کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس نے کی۔
اجلاس کے بعد مشترکہ پریس گفتگو میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں فریقوں نے پاکستان یورپی یونین سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان 2019 کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیا، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی، ہجرت و نقل و حرکت، سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے اور دونوں کے درمیان تجارتی حجم تقریبا 12 ارب یورو ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعاون دونوں فریقوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی بات چیت میں یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کاجا کالاس نے کہا کہ پاکستان خطے کی ایک اہم طاقت اور یورپی یونین کا ایک اہم شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے، جبکہ خاص طور پر تجارت کے شعبے میں تعاون کی رفتار پہلے ہی حوصلہ افزا ہے۔
