صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو آزمودہ دوستی قرار دیا ہے جو باہمی اعتماد ، مشترکہ ُامنگوں اور ہر قسم کی صورتحال میں ثابت قدمی پر مبنی ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر آج اسلام آباد میں منعقدہ ایک پُر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین علاقائی اور عالمی سطح پر امن، استحکام، ترقی اور کثیرجہتی تعاون جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا تحفظ کیا اور تعلیم، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع اور ثقافتی تبادلوں میں قریبی تعاون برقرار رکھا۔
آصف علی زرداری نے پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں بالخصوص گوادر پورٹ میں تعاون پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو تاریخی اقدام قرار دیا۔
اس موقع پر صدر زرداری نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔
دریں اثنا ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی کوششوں، خلوص نیت اور مشترکہ عزم کے ذریعے ہم نے ایک ایسا رشتہ استوار کیا ہے جو نہ صرف منفرد ہے بلکہ اُس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ”ٹھوس چٹان کی طرح”کھڑا رہا، جس میں زلزلے، سیلاب اور معاشی چیلنجز شامل ہیں۔
