
عبدالعلیم خان اور حنیف عباسی کا عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق
اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر ریلوےمحمد حنیف عباسی نے عوام کو محفوظ، جدید اور تیز رفتار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے آج اسلام آباد میں دونوں وزراء کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا، جس میں ٹرانسپورٹ اور ریلوے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے قومی اداروں کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کی بہتر خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ادارہ جاتی ہم آہنگی کو بہتر بنا کر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان ریلوے کو خود کفیل اور منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے وزیر ریلوے حنیف عباسی کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں بہتری سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔















