
ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہئے۔
وزیراعظم نے گلگت۔بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کو صوبوں میں بھی شروع کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے ۔
اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد انیس لاکھ سے بڑھ کر رواں سال اکاون لاکھ ہو گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال پاکستان سے 4.5 سے 4.6 ارب ڈالرز کی آئی ٹی برآمدات متوقع ہیں ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے سرکاری سکولوں اور ہیلتھ یونٹس کو فائبر کنیکٹیویٹی فراہم کر دی گئی ہے اور اسلام آباد کو فری انٹرنیٹ ہاٹ سپاٹس کی فراہمی کا کام آخری مرحلے میں ہے ۔















