آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ترقی کے عمل میں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اِس عزم کا اظہار گلگت میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے اور سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ علاقے میں چار دانش سکول قائم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکول مفت تعلیم، کھانا اور یونیفارم فراہم کریں گے۔

انہوں نے اِس امر پر زور دیا کہ اِن سکولوں میں سمارٹ بورڈز اور ای لائبریریاں موجود ہوں گی۔

100 میگا واٹ کے شمسی منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم نے منصوبے کو آئندہ سال کے وسط تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے علاقائی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں ثالث کا کلیدی کردار ادا کیا اور یقین ظاہر کیا کہ اس کردار کو تاریخ میں سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایران امریکہ کشیدگی کے دوران جنگ بندی کی حالیہ سفارتی کوششوں میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان کا تعمیری کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

انہوں نے خطے میں جاری طویل تنازعے کو روکنے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنگ بندی کوششوں کو بھی سراہا۔

Exit mobile version