صدر مملکت اور وزیراعظم کی پاکستان کے تاریخی خلائی مشن پر قوم کو مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شینژو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن میں پاکستان کی تاریخی شرکت پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں اس مشن کو پاکستان کے سائنسی سفر میں ایک اہم سنگِ میل اور قوم کے لیے بے پناہ فخر کا لمحہ قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، نوجوان نسل، سائنس دانوں اور ان کے خوابوں کا سفر ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو لے جانے والے شینژو 24 مشن کی کامیاب لانچنگ پر پاکستان اور چین کے عوام کو مبارکباد دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ تاریخی مشن پاکستان اور چین کی ہر موسم میں آزمودہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا تعاون پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور خلا کے پُرامن استعمال کے عزم کی عکاس ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور یہ مشن نوجوان نسل کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے اور اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے متاثر کرے گا۔

↑
Exit mobile version