صدر زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ کا خلائی تعاون کی تاریخی کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد کے خطوط کا تبادلہ

صدر مملکت آصف علی زرداری اور چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں اہم تاریخی سنگِ میل پر ایک دوسرے کو مبارکباد کے خطوط بھیجے ہیں۔

یہ کامیابی پاکستانی خلا باز کی چین کے شین ژو خلائی جہاز کے ذریعے خلائی اسٹیشن تک پہلی پرواز سے حاصل ہوئی، جس کے ساتھ ہی وہ چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی بن گئے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے خط میں چین کی حکومت اور عوام کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی اور چین کے انسانی خلائی پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کرنے پر گہرے تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس تعاون کو ممکن بنانے میں چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی اور ایسٹروناٹ سینٹر آف چائنا کی معاونت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ اقدام انسانیت کے مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے تصور کی عکاسی کرتا ہے، جس کی بنیاد باہمی ترقی، مشترکہ مواقع اور اجتماعی پیش رفت پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس تاریخی کامیابی پر فخر ہے، جو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کا ایک اور ثبوت ہے۔ ان کے مطابق چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی اور پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے درمیان تعاون نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کے نئے راستے کھولے ہیں۔

صدر زرداری نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی پاکستانی نوجوانوں کو سائنسی تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر یہ سنگِ میل مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے اور خلائی سائنس، تحقیق، تکنیکی جدت اور استعداد کار بڑھانے میں تعاون کو نئی تقویت دے گا۔

دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے خط میں پاکستانی خلا باز کی شین ژو خلائی جہاز کے ذریعے کامیاب خلائی پرواز اور چین کے خلائی اسٹیشن میں داخلے پر پاکستان کی حکومت اور عوام، دونوں ممالک کے خلا بازوں اور خلائی صنعت سے وابستہ ٹیموں کو مبارکباد دی۔

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں اور سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 برسوں کے دوران دونوں ممالک کی دوستی مضبوط اور ناقابلِ شکست رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کائنات کی تلاش کے لیے دونوں ممالک کے خلا بازوں کا مل کر کام کرنا گہری دوستی کا عملی ثبوت اور دوطرفہ تعاون کا ایک نیا اہم نتیجہ ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ چین، پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر بیرونی خلا کے پُرامن استعمال کے اصول کو آگے بڑھانے، بین الاقوامی خلائی تعاون کو گہرا کرنے اور عالمی خلائی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے، تاکہ خلائی تحقیق کے ثمرات پوری انسانیت تک پہنچ سکیں۔

↑
Exit mobile version