بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مزدوروں کی فلاح و بہبود اولین ترجیحات میں شامل ہے،چوہدری سالک حسین

وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے آج عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں ان عظیم محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے اپنی جدوجہد سے مزدوروں کے حقوق کی بنیاد رکھی ۔

اپنے پیغام میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ آج کا دن ہمیں 1886 میں ہیمارکٹ واقعہ کے ان بہادر مزدوروں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

شکاگو کے ان شہدا کو ہم خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں نے دنیا بھر میں مزدور تحریک کو نئی سمت دی اور آج ہمیں جو حقوق حاصل ہیں وہ انہی کی جدوجہد کا ثمر ہیں۔محنت کش کسی بھی قوم کی ترقی کا بنیادی ستون ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت، صنعت اور عالمی سطح پر ساکھ میں ہمارے مزدوروں کا کردار نہایت اہم ہے۔ حکومتِ پاکستان مزدوروں کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ہم نے نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اور ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔

چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (ILO) کے اہم کنونشنز کی توثیق کرتے ہوئے پاکستان مزدوروں کو تمام بنیادی حقوق کی فراہمی کے کوشاں ہے۔ ہم اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف، خصوصا باوقار روزگار، معاشی ترقی اور سماجی تحفظ سے متعلق اہداف کے لیے بھی اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری افرادی قوت مشکل حالات کے باوجود غیر معمولی ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ حکومتِ پاکستان مزدوروں کے حقوق، فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔محنت کشوں کو سازگار اور محفوظ ماحول ، منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ اور مساوی مواقع فراہم کرنا صرف پالیسی ترجیح نہیں بلکہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی نے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے اہم اقدامات کیے۔ نمایاں کامیابیوں میں 7 لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو بیرونِ ملک روزگار کی فراہمی، ترسیلاتِ زر میں تقریبا 40 ارب ڈالر تک اضافہ، اور اٹلی ، قطر،جنوبی کوریا،بیلاروس اور دوسرے کئی ممالک کے ساتھ دو طرفہ معاہدوں کے ذریعے نئی ملازمتوں کے مواقع شامل ہیں۔

چوہدری سالک حسین کا مزید کہنا تھا کہ وزارت نے مالی معاونت میں اضافہ کرتے ہوئے شادی گرانٹ کو 4 لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے اور ڈیتھ گرانٹ کو 8 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کردیاہے۔بہت جلد اسلام آباد میں صنعتی مزدوروں کو گھروں اور فلیٹس کی میرٹ کی بنیاد پر الاٹمنٹ کی جائے گی ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن کے تحت پنشنرز کے لیے پنشن میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنشن کے نظام کو مزید شفاف اور موثربنانے کے لیے اصلاحات بھی متعارف کروائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بھرتی ایجنٹس کے لائسنس منسوخ کر کے مزدوروں کو استحصال سے بچانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے۔ہماری سوچ ایک ایسے جامع اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر ہے جہاں ہر مزدور کو عزت، سماجی تحفظ اور بااختیار حیثیت حاصل ہو کیونکہ ہمارے مزدور ہی اس قوم کے اصل کفیل ہیں۔ انہی کی محنت اور قربانی سے پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلتا ہے اور مضبوط ہوتا ہے۔

اپنے پیغام کے آخر میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ میں پاکستان کے مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کی خوشحالی اور کامیابی کے لیے نیک تمنا ئوں کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو مکمل معاونت فراہم کرنے، ان کے سماجی تحفظ اور سب کے لیے سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔پاکستان زندہ باد!

یہ بھی پڑھیے

Back to top button