
پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ EO-3 سیٹلائٹ چین سے کامیابی کے ساتھ لانچ
پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ایک تاریخی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (EO-3) چین کے تائی یوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا گیا ہے۔
یہ لانچ پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے اور اسے ملک کی تکنیکی خود انحصاری اور سائنسی ترقی کی جانب بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔
سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ جدید امیجنگ ڈیٹا فراہم کرے گا جو شہری منصوبہ بندی، آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ جیسے شعبوں میں انقلابی بہتری لانے میں مدد دے گا۔ EO-3 سیٹلائٹ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن نظام کے طور پر کام کرے گا جو مختلف قومی ترجیحات کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگا اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور محنت کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ فخر کامیابی قرار دیا۔
انہوں نے خلائی شعبے میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے تعاون کو بھی سراہا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بھی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے خلائی شعبے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔















