بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر ٹرمپ کی مؤثر قیادت کے باعث لبنان میں جنگ بندی ممکن ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مؤثر قیادت کے باعث لبنان میں جنگ بندی ممکن ہوئی۔

جمعہ کے روز جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے یہ بات امریکی صدر کے مشیر برائے عرب و افریقی امور مسعد بولوس سے ملاقات کے دوران کہی۔ یہ ملاقات انطالیہ ڈپلومیسی فورم 2026 کے موقع پر ترکی کے شہر انطالیہ میں ہوئی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ اپنی خوشگوار ملاقاتوں کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ قیادت کے باعث گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی جنگ بندی ممکن ہوئی، جب دونوں ممالک جنگ کے دہانے پر تھے۔

وزیراعظم نے لبنان میں حالیہ جنگ بندی کے کامیاب انعقاد پر بھی صدر ٹرمپ کی قیادت کو سراہا۔

ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، پاکستان کی امن کوششوں، جنگ بندی اور تاریخی اسلام آباد مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خصوصاً تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

مسعد بولوس نے صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف تعاون، اقتصادی ترقی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں امریکی دلچسپی کا بھی اعادہ کیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button