وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جاری اسلام آباد مذاکرات میں بامعنی نتائج کے حصول کے لیے پاکستان کے مخلصانہ عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان مثبت پیش رفت کے لیے بطور ثالث اپنا کردار جاری رکھے گا۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد مذاکرات کے موقع پر ایرانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ایرانی وفد کی قیادت ایرانی مجلس شوریٰ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے تھے، جبکہ وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل تھے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مذاکرات میں ایران کے تعمیری کردار اور مثبت شمولیت کو بھی سراہا۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اور وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔
