صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوشلسٹ جمہوریہ ویتنام کے صدر ٹو لام کو ان کے انتخاب پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی خط میں صدر زرداری نے کہا کہ قومی اسمبلی کی جانب سے متفقہ ووٹ صدر ٹو لام کی قیادت پر اعتماد اور بھروسے کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صدر ٹو لام کی قیادت میں ویتنام مزید ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کرے گا۔
صدر مملکت نے پاکستان اور ویتنام کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور خیرسگالی پر مبنی قریبی اور دوستانہ روابط قائم ہیں۔انہوں نے صدر ٹو لام کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ساتھ ہی دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے کے لیے تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
