اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم کی متحرک سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے قیام میں ان کے مؤثر کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس نازک مرحلے پر قومی اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کے خیالات اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں ملک کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت اور قومی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
