یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے پاکستان کی امن کوششوں کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے تمام سفارتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔
یہ بات وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور یورپی کونسل کے صدر کے درمیان آج ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سامنے آئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور پاکستان و یورپی یونین تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
رہنماؤں نے ایران اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ بحران کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔
وزیرِ اعظم نے یورپی کونسل کے صدر کو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور یاد دلایا کہ گزشتہ ماہ برسلز کا ان کا دورہ ملتوی ہو گیا تھا۔
وزیرِ اعظم نے جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ماہ اسلام آباد میں پہلے پاک-یورپی یونین بزنس فورم کے افتتاح کے منتظر ہیں۔
وزیرِ اعظم نے یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یورپی کونسل کے صدر نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم کو باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر برسلز میں خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔
