یوم پاکستان کے موقع پر چین کے صدر کی جانب سے مبارکباد کا پیغام

چین کے صدر شی جن پنگ نے یومِ پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو مبارکباد کا پیغام ارسال کیا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ قومی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کا بھرپور تحفظ کیا ہے، مختلف خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کیا اور قومی ترقی کو آگے بڑھایا، جس سے خطے میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کو فروغ ملا۔

انہوں نے کہا کہ ایک قریبی دوست کی حیثیت سے چین پاکستان کی ترقیاتی کامیابیوں پر دلی خوشی محسوس کرتا ہے۔شی جن پنگ نے کہا کہ اس سال چین کے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کا آغاز اور چین و پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اپنی روایتی دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گے، حکمتِ عملی کے تحت روابط اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں ہم آہنگی کو فروغ دیں گے اور جدیدیت کے سفر میں مل کر آگے بڑھیں گے۔چینی صدر نے کہا کہ وہ چین اور پاکستان کے تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور صدر آصف علی زرداری کے ساتھ مل کر نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی حامل مزید مضبوط شراکت داری کے قیام کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید فائدہ پہنچ سکے۔دریں اثنا، چین کے وزیرِاعظم لی چیانگ نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

Exit mobile version