اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے آج آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔
گفتگو کے دوران وزیرِاعظم نے صدر الہام علییف اور آذربائیجان کے برادر عوام کے لیے دلی عیدالفطر کی نیک خواہشات کا اظہار کیا، جس کا جواب آذربائیجان کے صدر نے بھی پاکستان کے عوام کے لیے گرمجوشی سے دیا۔
دونوں رہنماؤں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا بھی کی۔
گفتگو کے دوران ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے آذربائیجان کے خلاف حملوں کی سخت مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے مشکل وقت میں آذربائیجان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے پر زور دیا اور تمام مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ناگزیر قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
