پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی سے متعلق بھارت کے بے بنیاد بیان کو مسترد کر دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ وزارت خارجہ بھارت کے بیان کو بے بنیاد، گمراہ کن اور غیر ضروری قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی اور خطے میں اس کے ماضی کے منفی کردار کے تناظر میں یہ بیان بھارت کی کھلی منافقت اور دوغلے پن کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ بیان ایسے ملک کی جانب سے آیا ہے جس کی قیادت اندرون ملک سیاسی فائدے کے لیے اسلاموفوبیا کو ہوا دینے اور اپنی مسلم آبادی کے خلاف تشدد کی ذمہ دار ہونے کے باوجود جوابدہ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ہفتوں میں بھارتی قیادت نے ایک ایسے قابض ملک کی غیر مشروط حمایت کا اعلان بھی کیا جو ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل کا ذمہ دار ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ یہ انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ ایک ایسا ملک جو ماضی میں اپنے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقصان پہنچاتا رہا ہو، وہ ان اصولوں کے تحفظ پر بات کرے۔انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات اس حقیقت سے توجہ نہیں ہٹا سکتے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو مسلسل دبانے اور انکار کرنے میں مصروف ہے، جو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی حمایت اور سرپرستی سے باز رہے، خصوصاً وہ گروہ جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں، اور پاکستان کی کامیاب انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر بے جا تنقید سے گریز کرے۔
