وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج 2026 کے تحت 89 فیصد مستحقین کو ادائیگیاں مکمل کر دی گئی ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں رمضان ریلیف پیکج 2026 کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مستحق افراد تک شفاف انداز میں رقوم کی فراہمی یقینی بنانے پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے سوشل پروٹیکشن والیٹس کو ایک اہم سنگ میل اور پاکستان میں مالیاتی ٹیکنالوجی اور شفافیت کے فروغ کے لیے کامیاب اقدام قرار دیا۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تمام ادائیگیاں بھی سوشل پروٹیکشن والیٹس کے ذریعے کی جائیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک رمضان ریلیف پیکج 2026 کے تحت 19 لاکھ 55 ہزار 620 ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز مکمل کی جا چکی ہیں۔مزید بتایا گیا کہ پیکج کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم جاری ہے اور مستحقین کو پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے مکمل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 9999 ہیلپ لائن پر اب تک 17 لاکھ کالز موصول ہو چکی ہیں جبکہ پروگرام سے متعلق 27 لاکھ ایس ایم ایس بھی بھیجے جا چکے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان ریلیف پیکج 2026 کے تحت سوشل پروٹیکشن والیٹس ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام تک رسائی میں صنفی فرق کم کرنے میں نہایت مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔
