وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں اور نمائندگان کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو پاکستان۔افغانستان صورتحال، ایران، مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں کشیدگی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سفارتی کوششوں پر اِن کیمرہ بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں شریک سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔ شرکاء نے موجودہ حالات میں ملی اتحاد، اتفاق اور یگانگت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں مزید تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام شرکاء نے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔شرکاء نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں تمام سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کے وزیرِاعظم کے اقدام کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
