چین نے ایک بار پھر پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔یہ عزم پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے آج اسلام آباد میں وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران ظاہر کیا۔
ملاقات میں وزیرِاعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی آزمودہ تزویراتی اشتراکِ عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، آہنی دوستی اور بنیادی مفادات پر ایک دوسرے کی مستقل حمایت پر مبنی ہیں۔
وزیرِاعظم نے چین کے صدر، وزیرِاعظم اور چینی قیادت و عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، بالخصوص چینی نئے سال کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے معیشت، سلامتی اور ترقیاتی شعبوں میں چین کی مستقل اور مضبوط حمایت پر اظہارِ تشکر کیا، خصوصاً پاک چین اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے اسے چین کے عالمی معاشی راہداری منصوبے کا نمایاں حصہ اور دوطرفہ تعاون کا اہم ستون قرار دیا۔
وزیرِاعظم نے جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے زراعت، معلوماتی ٹیکنالوجی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چینی شہریوں، سرمایہ کاری اور اداروں کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
