کوہاٹ فائرنگ واقعہ: تین پولیس اہلکار شہید، چار زخمی

کوہاٹ: ضلع کوہاٹ کے علاقے شکردرہ میں آج دہشت گردوں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہو گئے۔ شہداء میں تحصیل لاچی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اسد محمود بھی شامل ہیں۔

ضلعی پولیس افسر کوہاٹ کے مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں پولیس گاڑی پر فتنۃ الخوارج دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے شہید ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اسد محمود اور دیگر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے جڑ سے اکھاڑا جا رہا ہے۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بھی دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے شہید ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اسد محمود اور دیگر شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے مادرِ وطن کے لیے عظیم قربانی دی۔ وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیرِاعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے بھی کوہاٹ میں پولیس پر حملے کی شدید مذمت کی۔ اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Exit mobile version