پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کے فروغ کے روشن امکانات موجود ہیں: پروفیسر محمد یونس

بنگلہ دیش کے سربراہِ مشیر پروفیسر محمد یونس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پائے جانے والے متعدد مشترکہ پہلو دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔وہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے گفتگو کر رہے تھے، جو بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیرِاعظم طارق رحمان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے ڈھاکہ میں موجود ہیں۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پروفیسر محمد یونس اور بنگلہ دیش کے عوام کو عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، عوامی روابط اور براہِ راست فضائی روابط کی بحالی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مستحکم بنانے کی کوششوں کو سراہا۔احسن اقبال نے پاکستان۔بنگلہ دیش علمی راہداری کے تحت علامہ محمد اقبال کے نام سے منسوب وظائف کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان وظائف کے پہلے مرحلے میں منتخب طلبہ پاکستان کی جامعات میں اپنی تعلیم کا آغاز کر چکے ہیں۔پروفیسر محمد یونس نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

Exit mobile version